تعارف

مولانا نور محمد رحمہ اللہ 1934 میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم اپنے والد گرامی مولانا نذر محمد ؒ (عرف خان ملُا صاحب) سے حاصل کی، اور بعد میں ملتان سے اسلامی علوم اور یونانی طب کی تعلیم حاصل کی۔
1976 میں ایک فوجی آپریشن کے نتیجے میں وانا میں 400 سے زیادہ تعمیرات تباہ ہو گئیں، جن میں ان کا گھر بھی شامل تھا۔ انہیں دس سال قید کا سامنا کرنا پڑا لیکن وہ اپنے فلاحی اور تعلیمی خدمات کے مشن پر قائم رہے۔ ان کی جدوجہد نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں ایک بڑے ادارے کی بنیاد رکھی۔
آپؒ ایک کثیرالجہت شخصیت کے مالک تھے۔ لہذا بیک وقت معاشرے کے متعدد اور بنیادی مسائل پر تحقیق و تصنیف کی۔ آپ نے اپنے وعظ و نصیحت سے کام لیتے ہوئے بے شمار فلاحی کارنامے سرانجام دئے۔ آپ کے تمام منصوبوں کو ایک چھتری تلے یکجا کر کے مزید بہتری کے امکانات کے پیش نظر "النور وزیرستان فاؤنڈیشن" کی بنیاد "النور فیملی" نے رکھی۔ مولانا تمام عمرخدمتِ خلق کے منصب پر قائم رہے۔ انکا یہ فیض آج بھی جاری ہے۔
النور فاؤنڈیشن ایک غیرمنافع بخش ادارہ ہے جو تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے ذریعے کمیونٹی کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔ ہمارا مقصد کمزور اور محروم طبقات کو علم اور وسائل فراہم کرنا ہے تاکہ وہ خود مختار بن سکیں اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔
النور فاؤنڈیشن علم، کردارسازی اور ہمہ جہت ترقی کے فروغ کے لیے تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ ایک مرکزی ادارے کے طور پر، ہم مختلف تعلیمی و طبی اداروں کو یکجا کرکے معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات مہیا کر رہے ہیں۔

ویژن
ہمارا ویژن ایک ایسا خودکفیل معاشرہ قائم کرنا ہے، جہاں ہر فرد کو علم حاصل کرنے، معیاری طبی سہولیات پانے اور اپنی کمیونٹی میں مثبت کردار ادا کرنے کے یکساں مواقع میسر ہوں۔
ہم روایتی اور جدید تعلیم کے درمیان خلا کو پُر کرنے، اخلاقی قیادت کے فروغ، پائیداری اور زندگی بھر سیکھنے کے عمل کو مضبوط بنانے کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔
مقصد
ہمارا مقصد پسماندہ طبقات کو وہ معیاری علم اور وسائل مہیا کرنا ہے جن کی انہیں ترقی اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے ضرورت ہے۔
بفضلِ خدا ہمارے تعلیمی، طبی، سماجی اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے لوگوں کی زندگیاں بہتری، شعور اور جدت کی طرف گامزن ہو رہی ہیں، اور لوگ خود کفیل ہو رہے ہیں۔